
Bhoja Air
November 28, 2022
Exploring the Cultural and Historical Riches of Lahore, Pakistan
March 15, 2023گروپ عمرہ ٹکٹ کسے کہتے ہیں؟ یقینا آپ نے گروپ عمرہ ٹکٹ اور بلاک عمرہ ٹکٹ کے الفاظ سنے ہوں گے، لیکن بہت کم لوگ ان کا مطلب جانتے ہیں اور عموماً یہ سوال کرتے ہیں کہ گروپ عمرہ ٹکٹ کا کیا مطلب ہے۔ تو آئیے ہم مختصر الفاظ میں یہ بتانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ایک نارمل ٹکٹ اور گروپ عمرہ ٹکٹ میں کیا فرق ہے۔
مختلف ایئر لائنز اپنا بزنس بڑھانے کے لیے عمرہ سیکٹر کی ٹکٹس تھوک میں بیچتی ہیں۔ چونکہ ان کی بہت ساری ٹکٹس ایک ساتھ بک جاتی ہیں اور ان کی رقم بھی پیشگی وصول کر لی جاتی ہے، اس لیے خریدار کے لیے ریٹ سسٹم سے کم دیا جاتا ہے، لیکن ساتھ ہی کئی شرائط بھی رکھ دی جاتی ہیں۔ مثلاً یہ کہ آپ یہ ٹکٹ ریفنڈ نہیں کروا سکتے اور نہ ہی تبدیل کروا سکتے ہیں۔ مقررہ تاریخ اور وقت میں اس ٹکٹ کا استعمال ضروری ہوتا ہے۔ اگر آپ کسی وجہ سے اس ٹکٹ کو استعمال نہیں کر سکے تو ایئر لائن سے آپ اس کی رقم واپسی یا کسی دوسری ٹکٹ کے ساتھ تبدیلی کا مطالبہ نہیں کر سکتے۔
گروپ عمرہ ٹکٹس بیچنے کا ایئر لائن کو فائدہ یہ ہوتا ہے کہ روانگی سے کئی دن پہلے ان کی ٹکٹس بڑی تعداد میں بک ہو جاتی ہیں، جس سے ٹکٹس نہ بکنے اور نقصان کے خدشے سے کافی حد تک آزادی ملتی ہے۔ دوسرا انہیں ایڈوانس میں رقم مل جاتی ہے جسے وہ کئی دن پہلے ہی اپنے تصرف میں لے آتی ہیں۔ تیسرا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ جو لوگ کسی وجہ سے سفر نہ کر سکیں، ان کی سیٹس ایمرجنسی کی صورت میں نئے مسافروں کو مہنگے داموں بیچ کر اضافی آمدنی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس لیے کئی ایئر لائنز نے تو اب اپنی پالیسی ہی بنالی ہے کہ پورے جہاز کی مخصوص تعداد میں ٹکٹیں صرف گروپ میں ہی بیچنی ہیں۔
ایئر لائنز کی جانب سے عمرہ گروپ ٹکٹس براہ راست گاہکوں کو نہیں بیچی جاتیں بلکہ ایسے رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کو بیچی جاتی ہیں جن کا ایئر لائنز کے ساتھ معاہدہ ہوتا ہے۔ اس سے ٹریول ایجنٹس کو یہ فائدہ ہوتا ہے کہ عمرہ مسافر کے علم میں صرف وہ ریٹ ہوتا ہے جو متعلقہ ایئر لائن کی ویب سائٹ پر آ رہا ہوتا ہے، اس لیے وہ سستی ٹکٹ کے لالچ میں گروپ ٹکٹ خریدنے کو زیادہ ترجیح دیتا ہے، جبکہ ایئر لائن نے ویب سائٹ ریٹ سے کافی کم ریٹ پر یہ ٹکٹس ایجنٹس کو بیچی ہوتی ہیں۔
مختصر یہ کہ گروپ عمرہ ٹکٹ میں ایجنٹ کی بارگیننگ پر منحصر ہے کہ وہ اس ٹکٹ سے کتنے پیسے کماتا ہے، کیونکہ یہ ٹکٹس اب اس کی ملکیت ہیں اور اس نے اپنی گرہ سے ان کی پیشگی قیمت ادا کر رکھی ہے۔ جبکہ گروپ کے بغیر سسٹم ٹکٹ پر منافع کی ایک حد مخصوص ہوتی ہے، جس سے زیادہ گاہک نہیں دیتا۔ تاہم مقررہ وقت میں ٹکٹس نہ بکنے کی صورت میں ٹریول ایجنٹس کو نقصان بھی ہو سکتا ہے۔
مسافر (عمرہ زائر) کا گروپ ٹکٹ لینے میں یہ فائدہ ہوتا ہے کہ یہ نارمل ٹکٹ سے سستی ہوتی ہے۔ گو کہ یہ نان ریفنڈ ایبل اور نان چینج ایبل ہوتی ہے، پھر بھی عمرہ زائرین اس کی قیمت کم ہونے کی وجہ سے اسے ہی ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ عمرہ کا پروگرام کوئی بھی مسلمان بغیر کسی بڑے حادثے یا مجبوری کے تبدیل نہیں کرتا۔
پاکستان سے عمرہ کے مسافروں کو براہ راست ارض حجاز پر لے جانے والی سر فہرست ایئر لائنز میں پی آئی اے، سعودی ایئر، ایئر بلیو، ایئرسیال اور سیرین ایئر شامل ہیں اور یہ سب ایئر لائنز گروپ عمرہ ٹکٹس بیچتی ہیں۔ ان کے علاوہ عمان ایئر، اتحاد ایئر اور الجزیرہ ایئر بھی گروپ عمرہ ٹکٹس بیچتی ہیں۔
عمرہ اور ایئر ٹکٹنگ سے متعلق مزید معلومات
نوٹ: یہ تحریر یمامہ ٹریول اینڈ ٹورز پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے اپنے کسٹمرز اور ویب وزٹرز کی معلومات کے لیے 26 جنوری 2023 کو نشر کی گئی۔ اسے کاپی کرکے اپنے نام سے نشر کرنے والے کے خلاف کاپی رائٹس ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔



