
جبل نور مکہ مکرمہ
August 13, 2019
صفا اور مروی کی پہاڑیاں
August 14, 2019مقامِ ابراہیم خانہ کعبہ میں وہ مقدس پتھر ہے جسے حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام نے اپنے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کے ساتھ مل کر، اپنے قد سے اونچی خانہ کعبہ کی دیواریں اٹھاتے وقت استعمال کیا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ کے حکم سے اسی مقام سے حج کے لیے لوگوں کو پکارا تھا اور جنہوں نے جواب دیا، انہیں حج کی سعادت حاصل ہوئی۔
مقامِ ابراہیم خانہ کعبہ سے تقریباً 13.25 میٹر مشرق کی جانب واقع ہے۔ سنہ 1967ء سے قبل مقامِ ابراہیم میں نصب پتھر ایک حجرہ نما جگہ میں بند تھا، مگر اب اس کے گرد ایک سنہرا فریم لگا دیا گیا ہے۔ اس مقام کو مصلّے کا درجہ حاصل ہے۔ طوافِ کعبہ کے بعد یہاں دو رکعت نمازِ نفل ادا کرنے کا حکم ہے۔ مقامِ ابراہیم میں نصب مربع شکل کے اس تاریخی پتھر کا سائز تقریباً نصف میٹر ہے۔ اس پتھر کے رنگوں میں سفیدی، سیاہی اور زردی مائل رنگ غالب ہیں۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ انہوں نے مقامِ ابراہیم میں نصب پتھر میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی انگلیوں اور ایڑیوں کے نشان دیکھے، مگر بہت زیادہ چھونے کے نتیجے میں وہ نشان مٹ گئے ہیں۔ خادمِ حرمین شاہ فہد مرحوم کے دور میں مقامِ ابراہیم کی تجدیدِ نو کی گئی۔ اس دوران یہاں نصب معدنی ڈھانچے کو اعلیٰ معیار کے تانبے کے نئے فریم سے بدل دیا گیا۔ اس کے اندرونی حصے میں جالی بھی لگائی گئی جس پر سونے کا پانی چڑھا ہوا تھا۔
مقامِ ابراہیم کو چھونے یا اس کا بوسہ لینے کی شرعی دلیل موجود نہیں ہے۔



