
صفا اور مروی کی پہاڑیاں
August 14, 2019
ویزہ کی درخواست کیوں مسترد ہوتی ہے
August 17, 2019بابِ مروہ سے تھوڑے سے فاصلے پر، بس اسٹاپ کے قریب ہی لائبریری کی وہ عمارت موجود ہے جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا گھر ہوا کرتا تھا۔ یہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی جائے پیدائش تھی۔ اس سے کچھ فاصلے پر جناب ابو طالب کا گھر تھا، جنہوں نے والدہ اور دادا کی وفات کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کی۔
اس جگہ پہنچ کر اگر آپ چشمِ تصور سے دیکھیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت، جوانی، سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا سے شادی، معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے لے کر دعوتِ دین کے آغاز کے مراحل آپ کی نگاہوں کے سامنے گردش کرنے لگیں گے۔ صفا پر پہلا وعظ، مکہ میں جگہ جگہ دین کی دعوت، سرداروں سے خطاب اور عام لوگوں سے خطاب، یہ سب مناظر آپ کی آنکھوں کے سامنے گھوم جائیں گے۔
مکہ چٹیل پہاڑوں پر مشتمل ہے۔ شدید گرمی میں یہاں کے پتھر انگاروں کی طرح تپ جاتے ہیں اور ہم ننگے پاؤں زمین پر قدم نہیں رکھ سکتے۔ سیدنا بلال، عمار، یاسر اور سمیہ رضی اللہ عنہم یاد آئیں گے، جنہیں ان کے بے رحم آقا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت قبول کرنے کے سبب اس تپتی ریت پر لٹا کر ان کے سینوں پر دہکتے ہوئے پتھر رکھ دیا کرتے تھے، لیکن دین کے ان جانثاروں کے پایۂ استقلال میں کبھی لغزش نہ آئی۔



