
وادی کاغان
August 4, 2019
دبئی سیروتفریح اور تجارت کا مرکز
August 7, 2019مکہ شہر سے مدینہ جانے والے راستے پر تنعیم کے مقام پر حرمِ مکہ کی حدود ختم ہوتی ہیں۔ یہاں ایک مسجد ہے جو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے موسوم ہے۔ آج کل عمرہ زائرین ایک سے زائد عمرہ کرنے کے لیے احرام باندھنے کی غرض سے اس مسجد میں جاتے ہیں۔ دورِ قدیم سے مکہ کے رہنے والے بھی عمرہ ادا کرنے کے لیے یہاں آ کر احرام باندھتے ہیں۔
ویسے تو اہلِ مکہ کسی بھی جانب حرم کی حدود سے باہر جا کر احرام باندھ کر عمرہ کرنے کے لیے آ سکتے ہیں، لیکن ان کی ترجیح یہی مسجد عائشہ ہوتی ہے کیونکہ یہ مسجد الحرام سے قریب ترین ہے اور یہاں سے حرم تک ٹرانسپورٹ باآسانی دستیاب ہے۔
مسجد عائشہ کی وجہ تسمیہ
اس مسجد کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا حجۃ الوداع کے موقع پر اپنی مخصوص وجوہات کے باعث عمرہ ادا نہ کر سکی تھیں۔ حج کے بعد انہوں نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس حسرت کا اظہار کیا تو آپ ﷺ نے انہیں ان کے بھائی عبدالرحمٰن رضی اللہ عنہ کے ساتھ اس مقام تک بھیجا، جہاں سے انہوں نے احرام باندھ کر واپس کعبہ آ کر عمرہ ادا کیا۔
جب سیدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما نے کعبہ کی ازسرِنو تعمیر کی تو سب لوگوں کو حکم دیا کہ وہ مقامِ تنعیم سے احرام باندھ کر آ کر عمرہ ادا کریں۔



