
مسجد قبلتین مدینہ منورہ
August 21, 2019
سمندر کٹھہ جھیل گلیات
August 24, 2019سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے حال ہی میں اپنے ریکارڈ میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی نادر و نایاب نوعیت کی چند تصاویر کا اضافہ کیا ہے۔ ان تصاویر میں 1354 ہجری، مطابق 1936ء، کے حج کے مختلف مناظر محفوظ ہیں۔ مذکورہ لائبریری ان دنوں سعودی عرب کی معاصر تاریخ کو دستاویزی شکل دینے پر کام کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں مملکت سعودی عرب کے قیام کے بعد سے سڑکوں، عمارتوں کی تعمیر، حرمین شریفین کی توسیع اور بیت اللہ کے حجاج و زائرین کی خدمت کے حوالے سے ہونے والی ترقی اور پیش رفت کو منظم طریقے سے مرتب کرنے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری عرب اور اسلامی دنیا کی معلومات کے اہم مراکز میں سے ایک ہے۔ یہاں عرب اور اسلامی تاریخ کے حوالے سے اہم مواد موجود ہے اور یہ لائبریری اس تاریخ کی روشن تہذیب کو عالمی سطح پر مختلف فورمز پر پیش کرتی ہے۔

لائبریری کے ریکارڈ میں شامل ہونے والی نئی تصاویر 1936ء میں مصری حج مشن نے لی تھیں۔ ان میں خانہ کعبہ کی تصویر کے علاوہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کرام کے قیام، 1936ء میں مصری اعزازی مشن کے ارکان، حرم شریف کے ایک دروازے، مدینہ منورہ میں پانی کے متعدد چشموں، مسجد نبوی کے ایک مینار، مدینہ منورہ کی کئی سڑکوں اور جدہ کی بندرگاہ پر بعض حجاج کرام کی تصاویر شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری تصاویر کا ایک بڑا محفوظ ریکارڈ رکھتی ہے۔ یہ دنیا میں نادر و نایاب نوعیت کا ریکارڈ ہے اور اس میں 5564 تصاویر ہیں۔ ان تصاویر کو مشرق، عرب خطے اور اسلامی دنیا کے مشہور ترین فوٹوگرافروں نے 1740ء سے اپنے کیمروں کی آنکھ میں محفوظ کیا۔ ان میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس مقامات اور مذہبی نشانیوں کے علاوہ قومی ورثے اور آثارِ قدیمہ سے متعلق نمایاں مقامات کے مناظر پیش کرنے والی تصاویر شامل ہیں۔
بشکریہ: العربیہ نیوز







